طلبا مادری زبان میں تعلیم حاصل کرکے تیزی سے سیکھتے ہیں: نشنک

https://www.urdu.indianarrative.com/Nishank1.jpg

طلبا مادری زبان میں تعلیم حاصل کرکے تیزی سے سیکھتے ہیں: نشنک

طلبا مادری زبان میں تعلیم حاصل کرکے تیزی سے سیکھتے ہیں: نشنک

نئی دہلی ، 21 فروری ( انڈیا نیرٹیو)

مرکزی وزیر تعلیم ڈاکٹر رمیش پوکھریال نشنک نے اتوار کے روزکہا کہ ہر طالب علم کے لیے مادری زبان بہت اہم ہے اور تعلیم نفسیات میں ہونے والی تحقیق سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ بچے مادری زبان میں زیادہ جلدی سیکھتے ہیں۔

 مرکزی وزارت تعلیم ، مرکزی وزارت ثقافت اور اندرا گاندھی نیشنل سینٹر برائے آرٹس (آئی جی این سی اے) کے ذریعہ بین الاقوامی مادری زبان کے موقع پر ’’تعلیم اور معاشرے میں شمولیت کے لیے کثیر لسانیت کو فروغ دینے‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ، نشنک نے کہا کہ ماردی زبان میں تعلیم حاصل کرنے سے انہیں خوشی محسوس ہوتی ہے ۔ اتنا ہی نہیں مادری زبان میں تعلیم حاصل کرنے سے طلبا کی خود اعتمادی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

مادری زبان کے لیے مرکزی حکومت کی سنجیدگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ مادری زبان کی اہمیت مرکزی حکومت کوبخوبی معلوم ہے۔ مرکزی حکومت نے وزیر اعظم کی سربراہی میں ہمارے ملک کی تمام زبانوں کو محفوظ رکھنے کا کام کیا ہے۔ وزیر نریندر مودی مادری زبان کو فروغ دینے اور ترقی کے لئے متعدد اقدامات اٹھائے ہیں۔

نئی قومی تعلیمی پالیسی میں مادری زبان کی ترقی کے لیے کی گئی تجاویز کے بارے میں بتاتے ہوئے نشنک نے کہا کہ ہندوستان ایک کثیرلسانی ملک ہے جس میں 121 سے زیادہ زبانیں رائج ہیں۔ تاہم ، یہاں کی آبادی کا 97 فیصد سے زیادہ ان 22زبانو ں کا استعمال کرتی ہے جنہیں شیڈول زبانیں کہا جاتا ہے۔

 ہماری نئی تعلیمی پالیسی میں ایسی کئی اسکیموں کی تجویز کی گئی ہے جس سے ہندوستان میں ایک کثیرزبانی معاشرے کی تشکیل میں مدد ملے گی جو تکنیکی معلومات کا بوجھ برداشت کرنے کی گنجائش رکھے گی۔ انہوں نے مرکزی حکومت کے ذریعہ زبان کی ترقی اور زبان کے فروغ کی مختلف اسکیموں کے بارے میں بھی سب کو بتایا۔

اس موقع پر نائب صدر ایم وینکیا نائیڈو بطور مہمان خصوصی موجود تھے اور مرکزی وزیر مملکت برائے تعلیم سنجے دھوترے ، مرکزی وزیر مملکت برائے ثقافت (آزاد چارج) پرہلاد سنگھ پٹیل اور آئی جی این سی اے کے سکریٹری ڈاکٹر سچیدانند جوشی بھی موجود تھے۔